سندھ ہائیکورٹ؛ جیل سے لاپتا شہری کے کیس میں سی ٹی ڈی کو مقدمہ درج کرنے کا حکم
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ضمانت پر رہا ہونے والے شہری شہاب احمد کی جیل سے گمشدگی سے متعلق درخواست پر سی ٹی ڈی کو درخواست گزار عابدہ بیگم کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو ضمانت پر رہا ہونے والے شہری شہاب احمد کی جیل سے گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو اکتوبر 2025 میں گھر سے گرفتار کیا گیا، درخواست گزار عابدہ بیگم نے کہا کہ مقدمے میں ضمانت کے بعد اس سال 23 اپریل کو جیل سے رہا کیا جانا تھا لیکن رہائی کے فوری بعد اسے جتھے کی صورت گھیر لیا گیا اور اہلخانہ پر بھی تشدد کیا گیا۔ میرے بیٹے کو کیوں اور کہاں لے گئے، کوئی علم نہیں۔
شمشاد ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ درخواست گزار کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ زیادہ شور مچایا تو دیگر اہلخانہ کو مار دیں گے۔ جسٹس محمد سلیم جیسر ہمیں بتائیں کہ دھمکیاں کون دے رہا ہے، یہ علم ہوئے بغیر عدالت کیا کر سکتی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ جیلر اپنی پوزیشن بتانے کے بجائے یہ بتا رہا ہے کہ سی ٹی ڈی نے نہیں اٹھایا۔ اس صورتحال سے اندازہ ہوتا ہے کہ کون لوگ ملوث ہیں۔
عدالت نے سی ٹی ڈی کو درخواستگزار عابدہ بیگم کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔