وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی کان بیٹھ گئی؛ ہلاکتیں 110 ہوگئیں؛ ہولناک ویڈیو وائرل

حادثہ منگل کے روز پیش آیا تھا اور تاحال لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے

افریقن ریپبلک میں سونے کی کان دب گئیں جس میں 100 سے زائد ہلاک

وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی ایک غیر قانونی اور غیر محفوظ کان بیٹھنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ 18 اگست 2026 کو ملک کے مغربی علاقے میں کیمرون کی سرحد کے قریب واقع زَمبوئے کے مقام پر قائم ایک غیر رسمی سونے کی کان میں پیش آیا تھا۔

یہ حادثہ منگل کی دوپہر تقریباً 2 بجے پیش آیا تھا جب کان کے زیرِ زمین متعدد راستے اچانک بیٹھ گئے اور اس کے نتیجے میں مٹی کا تودا بھی گر گیا۔

ریڈ کراس کے رضاکاروں نے جائے وقوعہ سے اب تک 100 سے زائد لاشیں نکالی ہیں بعض مقامی رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 107 تک بتائی گئی ہے۔

ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے علاوہ کچھ کان کنوں کے اب بھی ملبے تلے دبے یا لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

امدادی کارکن محدود وسائل اور دشوار گزار علاقے کے باعث لاشیں نکالنے اور ممکنہ زندہ افراد تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ 

حادثہ کیسے پیش آیا؟

ابتدائی تحقیقات کے مطابق کان کے اندر کئی زیرِ زمین سرنگیں موجود تھیں جو اچانک منہدم ہوگئیں۔ اس کے بعد مٹی کا تودا گرنے سے کان کا بڑا حصہ دب گیا اور وہاں موجود کان کن باہر نہ نکل سکے۔

غیر قانونی کان کنی، حفاظتی انتظامات نہ ہونے کا بڑا مسئلہ

یہ کان ایک غیر رسمی اور غیر قانونی کان کنی کے مقام کے طور پر چل رہی تھی جہاں کان کن جدید مشینری اور بنیادی حفاظتی سہولیات کے بغیر زیرِ زمین کام کرتے تھے۔

وسطی افریقی جمہوریہ میں روزگار کے محدود مواقع اور سونے کی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدنی کے باعث بڑی تعداد میں لوگ ایسی چھوٹی اور غیر منظم کانوں میں کام کرتے ہیں۔

ان کانوں میں زیرِ زمین سرنگیں عموماً ہاتھ سے کھودی جاتی ہیں اور مناسب سپورٹ، حفاظتی لباس اور ہنگامی امداد کا نظام موجود نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے کانوں کے بیٹھنے کے حادثات عام ہیں۔ 

کیمرون کے شہری بھی ہلاک

حادثے میں وسطی افریقی جمہوریہ کے شہریوں کے علاوہ پڑوسی ملک کیمرون سے تعلق رکھنے والے کان کن بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق کم از کم چار کیمرون کے شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ حکام متاثرین کی شناخت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

اس سال بھی کان کنی کے کئی حادثات

وسطی افریقی جمہوریہ میں یہ رواں سال کان کنی کا پہلا بڑا حادثہ نہیں۔ جون میں بھی کیمرون کی سرحد کے قریب ایک اور سونے کی کان بیٹھنے سے متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فروری میں ملک کے شمال مشرقی علاقے گوردی میں کان کے حادثے میں 20 افراد جان سے گئے تھے۔

 

Load Next Story