پی ایچ ایف نے قومی کھیل کے فروغ کیلیے اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم کرنا شروع کر دیا

ہاکی کو پاکستان کے اسکولوں میں واپس لانا ہے اور اس سفر کا آغاز اب ہو چکا ہے

فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے حکومت پنجاب کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے پنجاب بھر کے اسکولوں میں ہاکی کے فروغ اور نچلی سطح پر کھیل کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ہاکی کا سامان تقسیم کرنے کے بڑے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں 19 اگست 2026 کو ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب کے دفتر میں ایک اہم رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈویژنل اسپورٹس افسران، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نمائندگان اور ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں پروگرام پر مؤثر عملدرآمد، باہمی رابطے اور تقسیمِ سامان کی تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈویژنل اسپورٹس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، مقامی انتظامیہ اور پی ایچ ایف کے نمائندگان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں، جبکہ فیلڈ افسران کو سامان کی تقسیم کی تقریبات کے انتظامات اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

راولپنڈی ڈویژن سے افتتاحی تقریب کا آغاز

پروگرام کی پہلی تقریب 21 اگست 2026 کو صبح 10 بجے وقارالنساء کالج برائے خواتین، راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔ راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث تقریب کا مقام ایسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم سے تبدیل کرکے وقارالنساء کالج منتقل کیا گیا ہے۔

تقریب میں ایک مقامی عوامی نمائندے/معزز شخصیت کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔ ڈویژنل کمشنر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تقریب کے انتظامات کے حوالے سے مکمل رابطہ قائم ہے، جبکہ کمشنر راولپنڈی نے اسسٹنٹ کمشنر کو انتظامات اور ایونٹ مینجمنٹ کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی ہے۔

ہاکی کا سامان پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ طور پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر راولپنڈی وصول کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں راولپنڈی ڈویژن کے 45 اسکولز ہاکی سامان کی تقسیم میں حصہ لیں گے۔ ہر اسکول اپنی مکمل ہاکی ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کے ہمراہ دو اساتذہ بھی بھیجے گا، جبکہ تقریب میں شریک اسکولوں کے تقریباً ایک ہزار طلبہ بطور تماشائی شرکت کریں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ اقدام قومی کھیل کی بنیاد مضبوط بنانے اور پاکستان کی ہاکی  کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ہاکی کو براہِ راست اسکولوں تک پہنچانے، نوجوان کھلاڑیوں کو ضروری کھیلوں کا سامان فراہم کرنے اور انہیں منظم کوچنگ اور مسابقت کے مواقع دینے میں مدد ملے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت پنجاب، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، مقامی انتظامیہ اور پروگرام کے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا ہے جن کے تعاون سے یہ اہم گراس روٹس ہاکی پروگرام ممکن ہوا۔

پیغام واضح ہے کہ ہاکی کو پاکستان کے اسکولوں میں واپس لانا ہے اور اس سفر کا آغاز اب ہو چکا ہے۔

Load Next Story