پنشنرز کیلئے پروف آف لائف کا جدید نظام متعارف، بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق کی مفت سہولت

نئے نظام سے بزرگوں اور معذور افراد کو خصوصی آسانی ہوگی اور پنشنرز کے بینکوں کے چکر ختم ہوجائیں گے، وزیراعظم

فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کا جدید نظام متعارف کرادیا، جس کے لیے بائیو میٹرک اور چہرے کی تصدیق کے لیے سہولت مفت ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کے جدید ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انہوں نےکہا کہ بائیومیٹرک اور چہرے کے ذریعے تصدیق کا نیا نظام بزرگ اور معذور پنشنرز کے لیے بڑی سہولت اور انسانیت کی خدمت ہے اور جدید ڈیجیٹل سسٹم اور ایپ سے لاکھوں پنشنرز مستفید ہوں گے اور انہیں تصدیق کے لیے بینکوں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنشنرز کے لیے نیا بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق کا نظام ایک بڑی عوامی سہولت ہے، نادرا کی جانب سے جدید پنشن ایپ اور تصدیقی نظام مفت فراہم کیا گیا ہے اور اس اقدام پر وزیر خزانہ، چیئرمین نادرا اور سیکریٹری خزانہ کو مبارک باد دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئے نظام سے بزرگوں اور معذور افراد کو خصوصی آسانی ہوگی اور پنشنرز کے بینکوں کے چکر ختم ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ڈیجیٹل پاکستان کا سفر جاری ہے، جس میں نادرا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، پنشنرز کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نظام میں شفافیت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ راست نظام کے ذریعے ادائیگیوں میں تیزی اور شفافیت آئی ہے جبکہ چہرے کے ذریعے تصدیق کا طریقہ کار پنشنرز کا دیرینہ مطالبہ تھا، پنشنرز کو تصدیقی عمل کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

Load Next Story