کوہ پیماعاصمہ مشتاق اسپانٹک چوٹی سرکرنے کے بعد واپسی پر بیمار ہو کر چل بسیں
گانچھے: کوہ پیما عاصمہ مشتاق اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی پر شدید بیماری کے باعث انتقال کرگئیں۔
قراقرم کالنگ ٹریکس کے مطابق 36 سالہ عاصمہ مشتاق 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کی مہم میں شریک تھیں اور انہوں نے مکمل صحت کے ساتھ چوٹی سر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
قراقرم کالنگ ٹریکس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واپسی کے دوران تقریباً 6,400 میٹر کی بلندی پرعاصمہ مشتاق کو بلند پہاڑوں کی سنگین بیماری نے پکڑ لیا، ان کا پرمٹ نمبر PAK-06 تھا جبکہ ماؤنٹین گائیڈ اکبر علی اور ایکسپیڈیشن گائیڈ محمد امین ان کے ساتھ تھے۔
قراقرم کالنگ ٹریکس کے مطابق ماؤنٹین گائیڈ اکبر علی نے انتہائی مشکل موسمی حالات میں عاصمہ مشتاق کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
ٹریکس انتظامیہ نے مشکل گھڑی میں ماؤنٹین گائیڈز کی ہمت، لگن اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام اور مرحومہ کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
قراقرم کالنگ ٹریکس نے عاصمہ مشتاق کے اہل خانہ، دوستوں اور دیگر لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔