حوثی باغیوں کے حملے میں جاں بحق دو پاکستانیوں کی میتیں اور زخمی 6 پاکستانی وطن پہنچ گئے
بحیرہ احمر میں یمن کے حوثی باغیوں کے تجارتی بحری جہاز پر حملے میں جاں بحق دو پاکستانیوں کی میتیں اور زخمی 6 پاکستانی وطن پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق چھ پاکستانی اور دو میتیں خلیجی ملک کی ائیرلائن کی پرواز سے جمعرات کی صبح کراچی پہنچے۔ سعودی سفارت خانہ کے اہلکار اور حکومت پاکستان کے اہلکاروں نے کراچی ائیرپورٹ پر زخمیوں اور میتوں کو وصول کیا جو کہ پرواز ایس وی 700 کے ذریعے پہنچی ہیں۔
جاں بحق پاکستانیوں عمیر افضل اور محمد اکرم کی میتیں کراچی ائیرپورٹ کارگو کمپلیکس سے لانڈھی اور منزل پمپ پر ان کے گھروں کو روانہ کی گئیں جبکہ حملے میں زخمی پاکستانیوں عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 762 کے ذریعے کراچی لایا گیا، دیگر تین زخمیوں ظہیراحمد، محمد امیرحمزہ، امتیازعلی کو اسلام آباد پہنچایا گیا۔