عمران خان کی آج ہی منتقلی کا امکان: آئی جی اسلام آباد کا شفا اسپتال کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات مکمل

شفا اسپتال کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ، ملحہ سڑک بند کردی گئی

اسلام آباد:

سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آج ہی شفا اسپتال منتقلی کا امکان ہے، آئی جی اسلام آباد نے شفا اسپتال کا دورہ کیا، اسپتال کے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے آئی جی اسلام آباد شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچے، شفا اسپتال کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اسپتال پہنچے، شفا انٹرنیشنل کے باہر سیکورٹی کلیرنس شروع کی اور روڈ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر نے فٹ پاتھ پر رکھ دیا۔

آئی جی کے ساتھ ڈی آئی جی سی ٹی او سمیت دیگر پولیس افسران موجود رہے، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ساتھ ملحقہ روڈ کو بند کردیا گیا۔

اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ 6 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم معائنے کے بعد کرے گی

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی پر پہلے طبی معائنہ کیا جائے گا، ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم ان کا طبی معائنہ کرے گی، معائنہ کے بعد ڈاکٹرز انہیں اسپتال میں زیر علاج رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے اس حوالے سے عمران خان کی طبی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اڈیالہ جیل کے اردگرد سیکیورٹی سخت

اسی طرح عمران خان کو اڈیالہ جیل سے باہر لانے کے لیے اڈیالہ کے اردگرد سیکیورٹی سخت کردی گئی، اڈیالہ جیل کے اطراف پولیس نے تمام دکانیں بند کرادیں اور اردگرد لگی لائٹس بھی بند کرادیں۔ اسلام آباد پولیس اسکواڈ کی دو گاڑیاں اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

محکمہ جیل خانہ جات کو شفا اسپتال کو سب جیل قرار دینے کے احکامات نہیں ملے

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج و میڈیکل سہولیات کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے مقررہ حصے کو سب جیل قرار دینے کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کو احکامات موصول نہیں ہوئے۔

جیل ذرائع کے مطابق کسی بلڈنگ کو سب جیل قرار دینے و عملہ تعینات کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات ضروری ہیں، ابھی تک محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو ایسے کسی قسم کے احکامات نہیں ملے نہ ہی اس کا علم ہے۔

متعلقہ

Load Next Story