پی آئی اے کیبن کریو کو آرام کا مناسب وقت نہ دینے سے متعلق سوالات اٹھ گئے

کیبن کریو ایسوسی ایشن نے قومی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹیو افسر کو خط لکھ دیا

فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے کیبن کریوکو آرام اور تھکاوٹ دور کرنے کے لیے مناسب وقت کے حوالے سے اہم سوالات اٹھ گئے ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کیبن کریو ایسوسی ایشن (پکا) نے بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور قومی ائیرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو خط لکھ دیا ہے۔

پکا کے صدر نصراللہ آفریدی نے کہا کہ ایک ہی دن میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دو خطوط نے متضاد صورت حال پیدا کردی ہے، پہلے خط میں کم سے کم 12گھنٹے پرواز دورانیے سے دوگنا ریسٹ لازم قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے خط میں کریوریسٹ کے نفاذ کو مؤخر کرنے کا ذکر کیا گیا ہے اور کیبن کریو ایسوسی ایشن نے مناسب ریسٹ نہ ملنے پر مستقبل میں سنگین نوعیت کا حادثات کا پیش خیمہ قرار دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں جدہ پرواز میں ایمرجنسی ڈور سلائیڈ کھلنے کے واقعے نےعملے کے مناسب آرام کے حوالے پرسوالات اٹھا دیے ہیں اور واقعےکے بعد پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں کلاس کا انعقاد کیا گیا۔

صدرپکا نے کہا کہ واقعے کو مخصوص آپریشنل ایکسیڈنٹ سمجھنے کے بجائے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے، ڈور سلائیڈ کھلنے کی واقعے کی تحقیقات کی جائے اور معاملے پر وضاحت اور عملی اقدام نہ ہوا توقانونی فورمز اور عدالت سے رجوع کریں گے۔

نصراللہ آفریدی نے کہا کہ کیبن کریو اور مسافروں کی زندگیوں کا سوال ہے، معاملے میں چشم پوشی نہیں ہونی چاہیے۔

Load Next Story