آبنائے ہرمز میں امریکی فوج کا خفیہ آپریشن، روزانہ ایک کروڑ بیرل تیل کی ترسیل کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری رکھنے کے لیے ایک خفیہ شپنگ کوریڈور قائم کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے تحت گزشتہ کئی ہفتوں سے روزانہ تقریباً ایک کروڑ بیرل تیل آبنائے ہرمز سے بحفاظت عالمی مارکیٹ تک پہنچایا جا رہا ہے، جو جنگ سے پہلے کی ترسیل کا تقریباً نصف ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہر رات عمان کے ساحل کے قریب جنوبی چینل سے 15 سے 20 آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں داخل یا خارج ہوتے ہیں۔ امریکی فوج نہ صرف تیل سے بھرے ٹینکرز کو باہر نکالنے میں مدد دے رہی ہے بلکہ خالی ٹینکرز کو خلیج میں داخل ہونے اور تیل لے کر بحفاظت واپس نکلنے میں بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ٹینکرز کو مخصوص شیڈول کے تحت رات کے وقت قافلوں کی صورت میں گزارا جاتا ہے جبکہ امریکی لڑاکا طیارے ایرانی ڈرونز اور کروز میزائلوں کے ممکنہ خطرے سے فضائی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی فوج گزشتہ دو ماہ سے آبنائے ہرمز کی جنوبی لین کو کنٹرول کر رہی ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایگزیوس کے مطابق یہ آپریشن امریکی فوج کی ایران کے ریڈار اور سمندری نگرانی کے نظام کے خلاف کارروائیوں کے بعد ممکن ہوا، جس سے ایرانی فورسز کی بحری ٹریفک پر نظر رکھنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔