لاہور؛ اے ایس آئی کی تھانے میں لڑکی سے مبینہ زیادتی، ڈی این اے رپورٹ سامنے آگئی
غازی آباد تھانے میں اے ایس آئی کی لڑکی سے مبینہ زیادتی سے متعلق ڈی این اے رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق ڈی این اے رپورٹ میں لڑکی سے مبینہ زیادتی ثابت نہیں ہوسکی۔
پولیس کے مطابق ملزم اے ایس آئی عمران سے دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے، ملزم عمران کے خلاف لڑکی کو تھانہ لانے کے عمل کی بھی تفتیش جاری ہے۔
دوسری طرف تھانیدار کی ایک اور شرمناک حرکت سامنے آ گئی جس میں معلوم ہوا کہ ملزم اے ایس آئی عمران لڑکی بھکارن سے بھیک کے پیسے ہتھیاتا تھا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پہلے بھی ایک دفعہ لڑکی کو تھانے لے کر آچکا ہے، لڑکی دن بھر بھیک مانگ کر جو پیسے اکھٹے کرتی تھی، ملزم وہ رقم لے کر لڑکی کو چھوڑ دیتا تھا اور اس دن بھی ملزم نے بھکارن لڑکی سے بھیک کی رقم لے کر چھوڑ دیا تھا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کے مطابق ملزم اے ایس آئی عمران کے خلاف بھکاریوں سے پیسے لینے کے پہلو اور ملزم عمران کے خلاف لڑکی کو اغوا کر کے تھانہ لانے کے عمل کی بھی تفتیش جاری ہے، تفتیش میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے غازی آباد میں قائم تھانے میں اے ایس آئی کی جانب سے لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا تھا جس پر اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔