لاہور میں 2 لاکھ 30 ہزار روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، کمپنی کے ملازمین ہی ملوث نکے
تھانہ مغلپوره میں گن پوائنٹ پر 2 لاکھ 30 ہزار روپے کی واردات کا ڈراپ سین، کمپنی کی رقم ہڑپنے کے لیے 15 پر جھوٹی ڈکیتی کا ڈراما رچانے والے دونوں ملازمین دھرلیے گئے۔
ملزم کالر اور اس کا ساتھی جس کو رقم دی گئی تھی دونوں ایک ہی کمپنی میں ملازمت کرتے تھے، دونوں نے مل کر کمپنی کی 2 لاکھ روپے سے زائد رقم ہضم کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔
ایک ملازم نے کمپنی کے پیسے اپنے دوسرے ساتھی کے حوالے کیے اور خود 15 پر گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کر دی۔ کالر نے پولیس کو بتایا کہ وہ رقم لے کر جا رہا تھا کہ 2 نامعلوم مسلح افراد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
مغلپورہ پولیس نے تفتیش کی تو ملازم کے بیانات مشکوک نکلے اور وہ زیادہ دیر چکمہ نہ دے سکا اور اپنے ہی ساتھی ورکر کے ساتھ مل کر غبن کا اعتراف کر لیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ہم پیشہ ساتھیوں کو گرفتار کر کے رقم برآمد کرلی، ملزمان عبدلواحد اور عمر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔