اسرائیل کا مقبوضہ بیت المقدس میں ای ون آبادکاری منصوبے پر کام شروع

ای ون کا علاقہ مشرقی بیت المقدس اور اسرائیلی آبادکاری کے درمیان واقع ہے

اسرائیل نے عالمی مخالفت کے باوجود مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے مشرق میں واقع ای ون علاقے میں بڑے آبادکاری منصوبے کو عملی مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔

میڈیا رپوٹس کے مطابق اسرائیلی وزارتِ تعمیرات و ہاؤسنگ نے 1,234 رہائشی یونٹس کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ یہ یونٹس ای ون میں مجموعی طور پر منصوبہ بند 3,401 گھروں کا حصہ ہیں۔

ای ون کا علاقہ مشرقی بیت المقدس اور اسرائیلی آبادکاری کے درمیان واقع ہے۔ فلسطینی اور بین الاقوامی ناقدین کا کہنا ہے کہ یہاں بڑے پیمانے پر آبادکاری سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی اور جنوبی حصوں کے درمیان جغرافیائی رابطہ متاثر ہوگا، جس سے ایک متصل فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کے امکانات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اسرائیل کے اس اقدام پر فلسطینی اتھارٹی، برطانیہ اور کئی یورپی ممالک نے شدید اعتراض کیا ہے جبکہ  جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی نے مشترکہ طور پر اسرائیل سے منصوبہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی تازہ پیش رفت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے کمپنیوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ای ون منصوبے کے تعمیراتی ٹینڈرز میں حصہ نہ لیں اور خبردار کیا ہے کہ اس منصوبے میں شمولیت بین الاقوامی قانون سے متعلق سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

Load Next Story