’’سازشی کسی اور چکر میں اسپتال آیا تھا،  صحت ٹھیک ہے‘‘

سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عملدرآمد کیا گیا ہے، ڈاکٹرز نے کہہ دیا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں، سینیٹر ناصر بٹ

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

سینیٹر ناصر بٹ نے بانی پی ٹی آئی کے اسپتال میں طبی معائنے کے حوالے سے کہا ہے کہ سازشی کسی اور چکر میں اسپتال آیا تھا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ سازشی اسپتال میں کسی اور چکر میں آیا تھا۔ وہ کہتا تھا ناں لیڈر بیمار نہیں ہوتے، ان کو دل  کے اٹیک ہوتے ہیں۔ وہ گیا تو اسے کہہ دیا کہ واپس گھر جاؤ، ٹھیک ہو۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عملدرآمد کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر زنے کہہ دیا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔

دریں اثنا وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے مکمل طبی معائنے اور تشخیصی مراحل کے دوران ہمشیرہ عظمیٰ خان ساتھ موجود رہیں۔ ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنے کے بعد عمران خان کی طبی حالت کو مستحکم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر غیر معمولی رش اور سکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا۔ پمز میں ماہرین کی نگرانی میں عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ، تشخیص اور علاج کیا گیا۔ تمام ضروری طبی مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور عمران خان کی صحت کی صورتحال بالکل واضح ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ صحت جیسے حساس معاملے کو سیاسی تنازع یا غیر ضروری سنسنی کا رنگ نہ دیا جائے۔ معاملے پر حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے تمام فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

Load Next Story