گیپکو کی نجکاری میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، درخواستیں دے دیں
گیپکو کی نجکاری کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی سامنے آگئی، نجکاری کمیشن کو گیپکو کی نجکاری کیلئے 11 ممکنہ سرمایہ کاروں کے اظہارِ دلچسپی موصول ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گیپکو کی نجکاری اور سرمایہ کار میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے معروف کاروباری گروپس نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ترکیہ کی تین، سعودی عرب کی ایک اور پاکستان کی سات کمپنیوں نے گیپکو کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کردی۔
کے الیکٹرک، اینگرو انرجی، سیفائر فائبرز، حب پاور ہولڈنگز، لکی سیمنٹ اور شیرازی انویسٹمنٹ نے گیپکو کی نجکاری کیلئے اظہارِ دلچسپی جمع کرا دیا۔
اس کے علاوہ آرٹسٹک ملنرز، فاطمہ گروپ، اے کے ڈی سیکیورٹیز، فاسٹ کیبل اور مغل اسٹیل گروپ بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔
نجکاری کمیشن کے مطابق گیپکو کی نجکاری میں انتظامی کنٹرول کے ساتھ 51 سے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ فروخت کی جائے گی، اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی اظہارِ دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں اور کنسورشیمز کی پیشگی اہلیت کے معیار پر جانچ ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق معیار پر پورا اترنے والے سرمایہ کاروں کو لین دین کے اگلے مرحلے میں مدعو کیا جائے گا۔ گیپکو، فیسکو اور آئیسکو ڈسکوز کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔
مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ گیپکو کیلئے بھرپور سرمایہ کاری دلچسپی بجلی کی تقسیم کے شعبے کی صلاحیت کا مظہر ہے،سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومت کے شفاف، مسابقتی اور منظم نجکاری عمل پر اعتماد کا مظہر ہے۔