لوئر دیر میں حوالہ ہنڈی مراکز پر چھاپے، 5 ملزمان گرفتار، 5 کروڑ پاکستانی 15 کروڑ ایرانی کرنسی برآمد
ایف آئی اے نے تیمَرگرہ بازار لوئر دیر میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے تقریباً 5 کروڑ پاکستانی روپے، 15 کروڑ ایرانی کرنسی اور 20 ہزار سعودی ریال برآمد کرلیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے 20 اگست کو تیمَرگرہ بازار، ضلع لوئر دیر میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف 5 کامیاب چھاپے مارے جس دوران 5 ملزمان طفیل، ظہیر، حبیب اللہ، عامر حمزہ اور افتخار کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے مجموعی طور پر 4 کروڑ 93 لاکھ 36 ہزار روپے پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی، 15 کروڑ 80 لاکھ ایرانی کرنسی، 20,521 سعودی ریال اور تین ہزار اماراتی درہم بھی برآمد ہوئے ساتھ ہی 700 پولش زلوٹی سمیت حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دیگر اہم شواہد بھی قبضے میں کرلیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کسی قانونی لائسنس یا مجاز اتھارٹی کے بغیر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف FERA ایکٹ کے تحت 5 مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔