موبائل لینے کی ضد؛ پہاڑ پر بیٹے کو خودکشی سے بچاتے والدین بھی گرکر ہلاک؛ ہولناک ویڈیو
بیٹے کو خودکشی سے بچاتے بچاتے والدین بھی بیٹے سمیت ہلاک؛ فوٹو: ویڈیو گریب
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک 19 سالہ نوجوان کو پہاڑی سے کودنے سے روکنے کی تین گھنٹے تک جاری رہنے والی کوشش المناک حادثے میں بدل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے تیس گاؤں علاقے میں واقع کھاودا پہاڑی پر پیش آیا جو ایک سیاحتی علاقہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ نوجوان صبح تقریباً 10 بجے والدین سے نئے موبائل فون کے مطالبے پر ہونے والی بحث کے بعد پہاڑی پر پہنچا اور بلندی کے کنارے کھڑے ہوکر بار بار چھلانگ لگانے کی دھمکی دینے لگا۔
نوجوان کی والدہ، والد، مقامی افراد اور پولیس اہلکار تقریباً تین گھنٹے تک اسے سمجھاتے اور محفوظ مقام پر آنے کے لیے آمادہ کرتے رہے لیکن بیٹا بضد رہا۔
اس دوران فائر بریگیڈ نے پہاڑی کے نیچے حفاظتی جال لگانے کی بھی کوشش کی تاہم نوجوان مسلسل کنارے کے قریب حرکت کرتا رہا۔
اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش میں والد بھی اپنا توازن کھو بیٹھے اور پہاڑی سے گر گئے چند لمحوں بعد اپنے شوہر اور بیٹے کو گرتے دیکھ کر والدہ نے بھی اسی پہاڑی سے کود کر اپنی جان دیدی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیں۔
عینی شاہدین کے مطابق والدہ آخری لمحوں تک اپنے بیٹے کو پہاڑی کے کنارے سے پیچھے ہٹنے کی التجا کرتی رہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ خاندان چھترپتی سمبھاجی نگر کے زلتا پھاٹا علاقے میں رہائش پذیر تھا، جبکہ واقعے کے بعض مناظر موقع پر موجود افراد نے موبائل فون سے ریکارڈ بھی کیے۔