قائم علی شاہ کی بیٹی کے بعد سندھ کی 8 جامعات کے وائس چانسلر بھی مدت ملازمت میں توسیع کیلیے سرگرم
سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی بیٹی کی مدت ملازمت میں توسیع کے بعد سندھ کی 8 سرکاری جامعات میں تعینات وائس چانسلرز عہدوں کی مدت ختم ہونے سے قبل ملازمت میں توسیع کیلیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کی 8 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے عہدوں کی پہلی مدت (ٹینیوور) یکے بعد دیگرے آئندہ چند ماہ میں پوری ہورہی ہے اور سوائے 1 کے تقریبا تمام ہی وائس چانسلرز اپنے عہدوں کی آئندہ مدت حاصل کرنے کے لیے فعال ہوچکے ہیں۔
مدت ملازمت میں توسیع سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی، وزیر اعلی سندھ کے لیے ایک نیا امتحان بن گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کی ایکسٹینشن کی سمری وزیر اعلی سندھ تک پہنچ چکی ہے۔
وزیر اعلی ہاؤس کے ذرائع نے بتایاکہ کہ سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی ہونے کے ناطے بھی ڈاکٹر نصرت شاہ کی سمری کی منظوری کا قوی امکان ہے اور بازگشت ہے کہ سمری کی منظوری ہوچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کے عہدے کی پہلی 4 سالہ مدت یکم جنوری 2027 کو پوری ہورہی ہے اہم بات یہ ہے کہ ڈاکٹر نصرت شاہ کی سمری کی منظوری کی بازگشت نے ایکسٹینشن کی اس قطار میں لگے ہوئے سندھ کے دیگر وائس چانسلرز کے حوصلے بھی بلند کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ نے حال میں صرف 1 جامعہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن کے عہدے کی مدت میں توسیع کی یے جبکہ اسی اثنا میں ڈاکٹر خالد عراقی اور ڈاکٹر فاروق حسن کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری مسترد ہوچکی ہیں۔
ایسی صورتحال میں اب لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام الدین اجن اور اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ کی پہلی 5 سالہ مدت بالترتیب یکم جنوری 2027 اور 19 جنوری 2027 کو پوری ہورہی ہے۔
اس سلسلے کی سمریز بھی جلد بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جارہا یے کہ ڈاکٹر اکرام الدین اجن کی ایکسٹینشن کے سلسلے میں یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے صاحبزادے کو بیک وقت کئی گولڈ میڈل دیے جانے کا معاملہ بھی زیر بحث ہے جو ان کے لیے مشکل کھڑی کرسکتا ہے۔
علاوہ ازیں شہید اللہ بخش یونیورسٹی کی وائس چانسلر اربیلا بھٹو ، آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کی پہلی چار سالہ مدت ملازمت 19 جنوری، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طحہ حسین کی مدت ملازمت مارچ کے وسط، نصرت بھٹو وومن یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر تہمینہ ننگراج کی 19 جنوری اور کراچی میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کی پہلی چار سالہ مدت ملازمت بھی جنوری میں پوری ہورہی ہے۔