ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے مگر صحیح معاہدے کے لیے تیار نہیں، ٹرمپ

ایران میں افراطِ زر 350 فیصد تک پہنچ چکا ہے اب دیکھنا ہوگا کہ صورتحال کیا رخ اختیار کرتی ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اختلافات کے باوجود امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران ابھی صحیح معاہدے کے لیے تیار نہیں۔

جوائنٹ بیس اینڈریوز سے جنوبی کیرولائنا کے شہر مرٹل بیچ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس پیسہ، بحریہ اور فضائیہ نہیں جبکہ وہ اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کر رہا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران میں افراطِ زر 350 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ صورتحال کیا رخ اختیار کرتی ہے۔

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو پورے خطے پر مکمل کنٹرول حاصل ہے جس میں آبنائے ہرمز اور اس سے متصل زمینی علاقے بھی شامل ہیں۔