کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 4 ملزمان  زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، پرس اور چوری شدہ موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا گیا

فوٹو: فائل

کراچی:

ضلع کورنگی اور ضلع ساؤتھ پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، پرس اور چوری شدہ موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان ضلع کورنگی پولیس کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود اٹک پیٹرول پمپ کے قریب پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ملزمان محمد عمران ولد محمد شبیر اور محمد زاہد ولد محمد اکبر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز، چوری شدہ موٹر سائیکل، موبائل فون اور 2 پرس برآمد ہوئے۔

لانڈھی پولیس نے اندرون روڈ 36 بی، عید گاہ گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان سے مقابلے کے دوران ایک ملزم عاطف ولد الف خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور راؤنڈز برآمد کیے گئے۔

 دوسری جانب ضلع ساؤتھ پولیس نے خیابانِ غالب، اسٹریٹ 31 کے قریب دورانِ گشت مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ریاض ولد محمد بخش کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔ ترجمان ضلع ساؤتھ پولیس کے مطابق مقابلہ ساحل تھانے کی حدود میں ہوا جہاں گرفتار ملزم کے قبضے سے سفید آلٹو گاڑی نمبر BTS-533 اور 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز برآمد ہوئے۔

 ضلع کورنگی اور ساؤتھ سے گرفتار چاروں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

Load Next Story