ہیلتھ سیکٹر میں سندھ حکومت پرائیویٹ پارٹنرز کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا جاوید سلیمان، چیئرمین ایچ ای سی سندھ پروفیسر طارق رفیع اور دیگر نے استقبال کیا۔ حسن سلیمان میموریل اسپتال حکومت سندھ کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے جہاں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زیرتعمیر اسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور فیسلٹیز کا معائنہ کیا۔ تقریب میں سیکریٹری صحت طاہر سانگی، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر، آرکیٹیکٹ شاہد عبداللہ اور دیگر شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو حسن سلیمان میموریل اسپتال منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال کا تصور امریکا اور پاکستان میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں نے پیش کیا، جبکہ ڈاکٹر جاوید سلیمان کی قیادت میں منصوبے کا آغاز کیا گیا۔ ملیر میں معیاری طبی سہولیات کی کمی کے باعث اسپتال کے لیے علاقے کا انتخاب کیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق صدر پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ اور حکومت سندھ نے منصوبے کے آغاز سے بھرپور تعاون کیا، جبکہ اسپتال کے لیے زمین حکومت سندھ نے فراہم کی۔ حکومت سندھ نے اسپتال کی تعمیر کے لیے ایک کے مقابلے میں ایک مساوی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حسن سلیمان میموریل اسپتال 312 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہوگا، اسپتال کا مجموعی احاطہ 3 لاکھ 23 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے۔ اسپتال میں ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور امراض قلب کے علاج کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ ایمرجنسی، او پی ڈی، آئی سی یو اور سی سی یو کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
بریفنگ کے مطابق حسن سلیمان میموریل اسپتال کی مجموعی لاگت 23.5 ملین ڈالر ہے، اسپتال کی تعمیر دسمبر 2022 میں شروع کی گئی تھی اور افتتاح 25 دسمبر 2026 کو کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حسن سلیمان میموریل اسپتال سے ملیر کے عوام کو علاج کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی، اسپتال حکومت سندھ کے بہترین علاج کے ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے اور اس کے قیام میں حکومت سندھ اہم پارٹنر ہے۔ سندھ کے تمام شہریوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام انتہائی کامیاب ہے، ہیلتھ سیکٹر میں سندھ حکومت پرائیویٹ پارٹنرز کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ مجھے دسمبر کا بے چینی سے انتظار ہے جب اس اسپتال کا افتتاح کرکے عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاڑکانہ میں بھی جاوید سلیمان کے تعاون سے 600 بستروں کا اسپتال شروع کیا ہے۔