سٹی کورٹ: انمول عرف پنکی کے مقدمات کے عبوری چالان واپس

سرکاری وکیل کے مطابق تینوں مقدمات کے عبوری چالان درخشاں پولیس نے جمع کرائے تھے

سٹی کورٹ میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے مقدمات کی ناقص تفتیش کا معاملہ سامنے آگیا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے 3 مقدمات کے عبوری چالان واپس کردیئے۔

سرکاری وکیل کے مطابق تینوں مقدمات کے عبوری چالان درخشاں پولیس نے جمع کرائے تھے اور تینوں مقدمات 2021 میں درج کیے گئے تھے۔ انمول عرف پنکی تینوں مقدمات میں اشتہاری تھی، جبکہ تینوں مقدمات میں ایک ایک شریک ملزم تھا جو بری ہوچکے ہیں۔

سرکاری وکیل نے اعتراض کیا کہ عبوری چالانوں میں پنکی کے اشتہاری ہونے اور ملزمان کی بریت کا ذکر نہیں کیا گیا۔ بری ہونے والے ملزمان میں فہد حسین، سمیر اور قمر شامل ہیں۔

سرکاری وکیل کے مطابق انمول عرف پنکی کو شریک ملزمان کی نشاندہی پر ملزم بنایا گیا تھا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ چالان کے ساتھ انمول عرف پنکی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی نقول شامل کی جائیں۔

عارف سیتائی ایڈووکیٹ نے کہا کہ شریک ملزمان کی بریت کے فیصلوں کی نقول بھی شامل کی جائیں۔

 

Load Next Story