اسلام آباد: رکشوں کے غیر قانونی داخلے کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن تیز

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 400 سے زائد رکشہ ڈرائیورز کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، ترجمان پولیس

کراچی:

اسلام آباد میں رکشوں کے غیر قانونی داخلے کے خلاف ٹریفک پولیس نے کارروائیاں تیز کر دیں اور مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 400 سے زائد رکشہ ڈرائیورز کے چالان کیے گئے جبکہ 150 سے زائد رکشوں کو ضبط کرکے مختلف تھانوں میں بند کیا گیا ہے۔

پولیس نے ایکسپریس وے، کرنل شیر خان ایونیو، مری روڈ، سیونتھ ایونیو اور نائنتھ ایونیو پر خصوصی ناکہ جات بھی قائم کر دیے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے رکشوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے ہدایت کی ہے کہ رکشہ ڈرائیورز مقررہ روٹس اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غیر قانونی داخلے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے زونل ڈی ایس پیز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔

سی ٹی او کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کا مقصد شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو محفوظ اور منظم سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Load Next Story