نیدرلینڈز: کلاگ نما گاڑی نے رفتار کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈز)
نیدرلینڈز کے ٹی وی میزبان کلاس فان کروئسٹم نے لکڑی کے روایتی ڈچ جوتے (کلاگ) کی شکل میں تیار کردہ ایک منفرد گاڑی چلا کر نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
کلاس فان کروئسٹم اور ان کی ٹی وی سیریز ’کلاس کین ڈو ایوری تھِنگ‘ کی ٹیم نے ریکارڈ بنانے کے لیے برطانوی شخص کیون نکس سے رابطہ کیا، جو 2025 میں تیز ترین موٹرائزڈ گارڈن شیڈ کا ریکارڈ قائم کر چکے تھے۔
ٹیم نے ڈچ لکڑی کے روایتی کلاگ کو گاڑی کے ڈیزائن کے لیے بطورِ تحریک استعمال کیا۔ اس منفرد گاڑی کی بنیاد ایک الیکٹرک گو کارٹ کے فریم پر رکھی گئی جبکہ اوپر سے اسے پالئیےسٹر اور فائبر گلاس سے تیار کردہ جوتے نما خول دیا گیا۔
4 اپریل کو نیدرلینڈز کے شہر بوشن ہوف میں واقع بریڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کلاس فان کروئسٹم نے اس گاڑی کو خود ڈرائیو کیا، جس نے تقریباً 112.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی۔
اس رفتار کے ساتھ گاڑی نے ’تیز ترین موٹرائزڈ کلاگ شو‘ یعنی تیز ترین موٹرائزڈ کلاگ جوتے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یوں نیدرلینڈز کے روایتی لکڑی کے جوتے کو ایک غیر معمولی انداز میں جدید رفتار کی دنیا سے جوڑتے ہوئے ٹیم نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔