یلولائن بی آر ٹی منصوبے میں ساڑھے 8 ارب کی کرپشن، سابق ڈائریکٹر کی عبوری ضمانت منظور
فوٹو فائل
صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ نے بی آر ٹی ییلو لائن میں مبینہ طور پر ساڑھے 8 ارب کی کرپشن کے کیس میں سابق پروکیورمنٹ ڈائریکٹر کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت میں یلولائن بی آر ٹی منصوبے کے سابق پروکیورمنٹ ڈائریکٹر جھامن داس کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزم جھامن داس کو انوسٹیگیشن جوائن کرنے اور تفتیشی آفیسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔عدالت نے کہا کہ ملزم جھامن ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر اور مدعی مقدمہ کو 3 ستمبر تک کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزم کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ جب تک 48 گھنٹے مکمل نا ہوں مکمل کو گرفتار ناہ کیا جائے۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مسلسل درخواستگزار کے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست گزار کی گرفتاری کا خدشہ ہے ضمانت منظور کی جائے۔