عمران خان کی اسپتال منتقلی فیصلہ، چیف کمشنر کی نظرثانی جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست

درخواست میں 18 اگست کے حکم پر نظرثانی، ترمیم اور اسے واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے

فوٹو: فائل

چیف کمشنر اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کردی۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے خلاف دائر نظرثانی کو جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست کردی اور درخواست میں 18 اگست کے حکم پر نظرثانی، ترمیم اور اسے واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کو نجی اسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل پینل سے طبی معائنے و علاج کے احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کی بہن اور ذاتی معالج کو ڈاکٹروں کے پینل میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔

Load Next Story