طلاق اور ایک کروڑ نان نفقہ؛ بھارت میں 3 ہلاکتوں کی گتھی سلجھنے لگی؛ اہم انکشافات

38 سالہ مناس واجپائی نے پہلے اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا پھر اپنی 28 سالہ بہن کو گولی مار کر خودکشی کرلی

طلاق اور ایک کروڑ نان نفقہ؛ بھارت میں 3 ہلاکتوں کی گتھی سلجھنے لگی؛ اہم انکشافات

بھارتی شہر لکھنؤ میں ایک ہی خاندان سے جڑے دہرے قتل اور خودکشی کے واقعے کی حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ مناس واجپائی نے پہلے اپنی اہلیہ دیویا مشرا کو فائرنگ کرکے قتل کیا اس کے بعد گھر پہنچ کر اپنی 28 سالہ بہن شِوا واجپائی کو بھی گولی مار دی اور پھر خودکشی کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مناس اور دیویا کی شادی کو 12 برس گزر چکے تھے تاہم دونوں ایک سال سے زیادہ عرصے سے علیحدہ رہ رہے تھے جب کہ اہلیہ دیویا نے گزشتہ برس عدالت سے طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔

تفتیش کے دوران طلاق سے متعلق دستاویزات پولیس کے ہاتھ لگی ہیں جن میں مبینہ طور پر تصفیے کے تحت ایک کروڑ روپے نان نفقے کا مطالبہ درج ہے۔ کیس کی سماعت قتل کے واقعے سے صرف 2 روز قبل ہوئی تھی جس میں مالی معاملات بھی زیر بحث آئے تھے۔

واردات سے پہلے واٹس ایپ اسٹیٹس

پولیس کو معاملے میں ایک اہم سراغ مناس کے واٹس ایپ اسٹیٹس سے بھی ملا ہے۔ واقعے سے قبل مناس نے اپنی اہلیہ پر بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے ایسا پیغام پوسٹ کیا تھا جس میں اس نے بیوی کے قتل اور پھر خودکشی کرنے کے ساتھ اپنی بہن کو بھی قتل کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

اس نے اپنے پیغام میں دیویا کی بہن پراگیا پر بھی واقعے سے متعلق معلومات رکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بہن کا قتل کیوں کیا؟

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مناس اور دیویا کے درمیان مناس کی بہن شِوا کے معاملے پر بھی اختلافات رہتے تھے کیوں کہ بہن شِوا ساتھ ہی رہتی تھی اور مبینہ طور پر ذہنی صحت کے مسائل سے بھی دوچار تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مناس اپنی اہلیہ دیویا کو قتل کرنے کے بعد خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتا تھا اور اسے خدشہ تھا کہ میری ذہنی مریض بہن کا خیال کون رکھے گا اس لیے اسے بھی قتل کردیا۔

اہلیہ دیویا کی بہن کا بہنوئی سے متعلق انکشاف

دیویا کی بہن اور یوٹیوبر پراگیا مشرا نے مناس پر اپنی بہن کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مناس معمولی باتوں پر بھی دیویا سے مارپیٹ کرتا تھا۔

پراگیا نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آن لائن منگوائے گئے خراب ٹماٹروں جیسے معمولی معاملے پر بھی مناس نے دیویا کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ مناس کے پاس قتل میں استعمال ہونے والا ریوالور کہاں سے آیا۔

 

Load Next Story