کراچی؛ پولیس سے مبینہ فائرنگ کا تبادلہ، ڈاکو ہلاک، ساتھی شہری سے چھینی موٹرسائیکل پر فرار

پولیس اور ڈاکو کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک شہری بھی پیٹ پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا

فوٹو اسکرین گریپ

کراچی کے علاقے نیو کراچی پولیس کے ساتھ مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے اور فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی شدید زخمی ہوگیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق نیو کراچی پولیس نے 3 نمبر پاشا کلینک کے قریب ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پارٹی موقع پر پہنچی، جس سے دیکھ کر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس سے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ دوران سفر ہلاک ہوگیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کے دیگر دو ساتھی شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل سمیت فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے، ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول، گولیاں، شہری فہد سے چھینا گیا موبائل فون سمیت 2 موبائل فونز، پرس اور شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کے حوالے سے کوشش کر رہی ہے۔

چھیپا حکام کے مطابق نیو کراچی 3 نمبر چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا، جس سے تشویش ناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 35 سالہ سیف اللہ کے نام سے ہوئی اور ان کو پیٹ پر گولی لگی ہے۔

ایس ایچ او نیو کراچی فرخ شہریار نے بتایا کہ شہری پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوا ہے، جنہیں ڈاکوؤں کی گولی لگی تھی تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

Load Next Story