ایران نے عراق کے تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دیدی

عراق نے ایرانی اسپیکر کے دورہ بغداد میں اس معاملے پر درخواست کی تھی

ایران نے عراق کی مسلسل سفارتی درخواستوں کے بعد متعدد عراقی آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے.

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عراقی تیل بردار جہازوں کو خصوصی اجازت دینے کا معاملہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے حالیہ دورۂ عراق کے دوران بغداد کی اہم درخواستوں میں شامل تھا۔

عراقی صدر نے بھی تصدیق کی کہ ایران نے حالیہ دنوں میں عراقی تیل لے جانے والے بعض بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں سہولت فراہم کی جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔

تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں صورتحال اب بھی پیچیدہ ہے۔ بحری ٹریفک جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے جبکہ علاقے میں بحری جہازوں کو حملوں کا خطرہ بھی برقرار ہے۔ 

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے عراق ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جنگ سے قبل عراق تقریباً 40 لاکھ بیرل یومیہ تیل پیدا کرتا تھا تاہم آبی گزرگاہ کے بند ہونے کے بعد برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں۔

 

Load Next Story