اسپیس ایکس کا رواں سال کا 100 واں مشن لانچ

اس مشن کے ذریعے اسپیس ایکس نے 29 نئے اسٹارلنک سیٹلائٹس کو زمین کے نچلے مدار میں پہنچایا

(تصویر: اسپیس ایکس)

خلائی تحقیقاتی کمپنی اسپیس ایکس نے رواں سال اپنا 100 واں آربیٹل مشن ہفتے کی صبح لانچ کر دیا۔ کمپنی کے فیلکن 9 راکٹ نے کیلیفورنیا میں قائم وینڈن برگ اسپیس فورس بیس سے اڑان بھری اور 29 نئے اسٹارلنک سیٹلائٹس کو زمین کے نچلے مدار میں پہنچایا۔

اسٹارلنک 20-15 مشن کے ذریعے کمپنی کے بڑے سیٹلائٹ نیٹ ورک میں مزید 29 براڈبینڈ انٹرنیٹ سیٹلائٹس شامل ہو گئے۔ اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے جمعے کو تصدیق کی تھی کہ مدار میں موجود اسٹارلنک سیٹلائٹس کی تعداد اب 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

راکٹ نے مقامی وقت کے مطابق 12:25 بجے شب اسپیس لانچ کمپلیکس 4 ایسٹ سے پرواز کی۔ لانچ کے بعد فیلکن 9 نے جنوب مشرقی سمت میں سفر کیا اور کامیابی سے اپنے مشن کے اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا۔

اس مشن کے لیے فیلکن 9 کے پہلے مرحلے کا بی 1100 بوسٹر استعمال کیا گیا جس کی یہ نویں پرواز تھی۔ اس سے قبل یہی بوسٹر نیشنل ریکونیسنس آفس کے این آر او ایل-105 مشن اور اسٹارلنک سیٹلائٹس کی سات پروازوں میں استعمال ہو چکا تھا۔

لانچ کے تقریباً 8.5 منٹ بعد بی 1100 بحرالکاہل میں موجود اسپیس ایکس کے ڈرون شپ Of Course I Still Love You پر کامیابی سے واپس اتر گیا۔ یہ اس ڈرون شپ پر بوسٹر کی 220 ویں لینڈنگ جبکہ فیلکن بوسٹرز کی مجموعی طور پر 653 ویں کامیاب لینڈنگ تھی۔

Load Next Story