محمود اچکزئی اور اختر مینگل اپنی ساکھ بچانے کیلیے سیاست کررہے ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان

دہشت گردوں نے پسماندہ علاقوں میں ایمبولینسز تک چرالی ہیں، کالعدم دہشت گرد کمانڈر ارب پتی بن چکے ہیں

وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل ملک و عوام کیلیے نہیں بلکہ اپنی سیاسی ساکھ بچانے کیلیے سیاست کررہے ہیں۔

کوئٹہ سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے عوام اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اور پشتون قوم پرست رہنماء اپنے آپ سے ناراض ہیں،انکا نظریہ ایک نہیں ہے، آج محمود اچکزئی اور اختر مینگل ملک اور عوام کے لئے نہیں اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لئے سیاست کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا سردار اخترمینگل نے پنجابی پاکستانی کے قتل کی مذمت کی ہے؟ محمود خان اچکزئی نے گاڑی پر جھنڈا پاکستان کا لگایا ہے لیکن باتیں افغانستان کی کرتے ہیں اور کہتے ہیں وطن افغانستان جبکہ ملک پاکستان ہے۔

ضیا لانگو نے کہا کہ مجھ سمیت سارے بلوچ یہ کہتے ہیں کہ ہمارا وطن اور ملک پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ایمبولیسز تک چرالی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آئین پاکستان کو تسلیم کرنے والوں سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، مجھ پر ناکام حملہ کیا گیا سامنے وار کریں تو جواب بھی دینا جانتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عوام کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، کالعدم تنظیم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے کمانڈرز بلوچستان میں جاری جنگ سے فائدہ اٹھا بھارت کے پیسوں سے ارب پتی بن گئے ہیں کیونکہ انہوں نے دہشت گردی کو اپنا کاروبار بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد کمانڈرز ہمارے نوجوانوں اور خواتین کو ایندھن کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور اس کے لیے دہشت گرد ملک بھارت نے بڑا بجٹ مختص کیا ہے۔

Load Next Story