پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول کی منظوری دے دی گئی

سیف گیمز آئندہ سال 3 سے 11 اپریل تک پاکستان میں منعقد ہوں گے

اسلام آباد:

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے چودہویں ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول سمیت اہم انتظامی امور کی منظوری دے دی جس کے تحت سیف گیمز آٸندہ سال 3 سے 11 اپریل منعقد ہوں گے۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کی جس میں سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ بھارتی وفد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چودہویں ساؤتھ ایشین گیمز آئندہ سال 3 سے 11 اپریل تک پاکستان میں منعقد ہوں گے۔ میگا ایونٹ کے مقابلے اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں ہوں گے۔ ساؤتھ ایشین گیمز میں 28 مردوں اور 25 خواتین کے کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ رکن ممالک کے 4 ہزار 200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔ گیمز میں مجموعی طور پر 346 گولڈ میڈلز داؤ پر ہوں گے۔

رکن ممالک کے نمائندوں کو پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں، انتظامات اور مختلف مقامات پر ہونے والے مقابلوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید نے کہا کہ پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ حکومت گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز کو شاندار اور یادگار ایونٹ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کی جانب سے گیمز کے انعقاد کے لیے فنڈز کی منظوری بھی پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے گیمز کے شیڈول اور دیگر انتظامات کی منظوری کے بعد پاکستان میں میگا ایونٹ کے انعقاد کی تیاریاں مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

Load Next Story