اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ کا بڑا اقدام، 75 مستحق افراد میں رکشے اور موٹر سائیکلیں مفت تقسیم

اب تک 650 افراد کو رکشے اور موٹر سائیکلیں، 150 کو دکانیں جبکہ 5 ہزار 975 خواتین کو سلائی مشینیں مفت فراہم کی گئیں

کراچی: مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے معاشی دباؤ کے باعث کم اور متوسط آمدن والے طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے مستحق افراد کو مستقل ذریعۂ آمدن فراہم کرنے کے لیے انکم جنریشن پروگرام 2026 کے تحت روزگار کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

پروگرام کے دوسرے مرحلے میں کراچی کے 75 مستحق افراد میں 45 آٹو رکشے اور 30 موٹر سائیکلیں مفت تقسیم کردی گئیں۔ کلفٹن میں منعقدہ تقریب کے دوران مستحق افراد کو رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں فراہم کی گئیں۔

تقریب میں اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے وائس چیئرمین حاجی عبدالرزاق بیلی، جنرل سیکرٹری حاجی بلال بگٹی، حاجی حبیب اللہ نیازی، ڈاکٹر حمزہ بیلی، آفاق خان، مفتی محمد مدنی، مولانا منظور مینگل، مولانا فضل سبحان، مولانا طلحہ رحمانی، مولانا نور البشر، مولانا شفیق الرحمن کشمیری، طارق منگرانی اور رکن سندھ اسمبلی یوسف بلوچ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حمزہ بیلی نے بتایا کہ اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ کا مقصد مستحق افراد کو وقتی مالی امداد کے بجائے مستقل اور باعزت ذریعۂ آمدن فراہم کرکے انہیں خودکفیل بنانا ہے۔

ان کے مطابق ادارہ اب تک 650 افراد کو رکشے اور موٹر سائیکلیں، 150 افراد کو دکانیں جبکہ 5 ہزار 975 خواتین کو سلائی مشینیں مفت فراہم کرچکا ہے۔

 

ڈاکٹر حمزہ بیلی نے بتایا کہ انکم جنریشن پروگرام 2026 کے تحت رواں سال کراچی میں 250 سے زائد مستحق افراد کو رکشے اور موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 

اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ کے مطابق روزگار کے وسائل کی فراہمی کا مقصد مستحق خاندانوں کو مستقل آمدن کا ذریعہ فراہم کرنا اور انہیں دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا ہے۔

Load Next Story