نواز شریف نے عمران خان کا علاج شفا اسپتال میں نہیں ہونے دیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عمران خان کا شفا اسپتال میں علاج نہیں ہونے دیا، 27 ستمبر کو خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے، گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے، ہم نے حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے، تیسرا کوئی راستہ نہیں۔
بونیر کے سواڑی چوک میں اسٹریٹ موومنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ سپریم کورٹ کے تین ججوں نے حکم دیا کہ عمران خان کی بہن کی موجودگی میں ان کا علاج کیا جائے، نواز لیگ کی موجودہ حکومت جس کے سربراہ نواز شریف ہیں انہوں ںے شفاء ہسپتال میں علاج ہونے نہیں دیا، پنجاب کی وزیراعلی نواز شریف کی بیٹی اور بھائی وزیراعظم ہے، جو کہتا تھا کہ مجھے کیوں نکالا اس نے عمران خان کا علاج ہونے نہیں دیا، سب سے زیادہ تنقید میں نے اسٹیبلشمنٹ پر کی اور کررہا ہوں، پنجاب اور وفاق پر جعلی حکومت مسلط کی گئی ہے، جعلی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے نکلیں گے، اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے، 27 ستمبر کو انقلاب ہوگا، ہم 27 ستمبر کو نکلیں گے، گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے، ہم نے حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے، تیسرا کوئی راستہ نہیں، جعلی حکمرانوں کو آئین و قانون کا کوئی ڈر نہیں، یہ خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں، ہم نے ان حق پرست ججز کا ساتھ دینا ہے جو انصاف کرتے ہیں اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہیں، عمران خان عوامی طاقت سے باہر آئیں گے، وہ نوجوانوں کے لیڈر ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جس طرح عمران خان قربانی دے رہے ہیں، اسی طرح ہم بھی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمیں کوئی ایک انچ بھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا، کچھ لوگ آپ کو ڈائیورٹ کرنے کی کوشش کریں گے، مگر آپ نے ڈائیورٹ نہیں ہونا، ہم نے اس شخص کا ساتھ دینا ہے جس نے بیرونی غلامی کے خلاف ایبسلوٹلی ناٹ کہا، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو اس ملک کو بچا سکتے ہیں، معیشت بہتر کر سکتے ہیں اور ملک کو حقیقی خودمختاری دے سکتے ہیں، عمران خان قومی یکجہتی کی ضمانت ہیں، وہی اداروں کی عزت بحال کرا سکتے ہیں، عمران خان ہماری آئندہ نسلوں کے لیے قربانی دے رہے ہیں، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عمران خان کے لیے نکلیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایک ہی ملک میں طاقتور کے لیے الگ قانون اور کمزور کے لیے الگ قانون، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے، ان چوروں، لٹیروں نے پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی کھا رہے ہیں، انہوں نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے، موجودہ حکمران ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں، ہم ہر اس فیصلے سے باغی ہیں جو عوام کے حق میں نہ ہو۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں تو وہاں 90 فیصد سے زیادہ نوجوان ہوتے ہیں، ہمارے نوجوان کاکروچ نہیں، اقبال کے شاہین ہیں، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور فیصلے کرنے ہیں۔