سرکاری، پرائیویٹ حج اسکیم کے واجبات کی وصولی جاری، حج پورٹل سے ادائیگیوں کی تفصیلات جاری

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ عازمین گھر بیٹھے اپنی حج درخواست مطلوبہ کوائف اور دستاویزات مکمل اور ادائیگی کرسکتے ہیں

فوٹو: فائل

سرکاری اور پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے واجبات کی وصولی بیک وقت جاری ہے، عازمین حج کو رجسٹریشن سے لے کر حج پیکج کے انتخاب اور واجبات کی ادائیگی تک تمام مراحل ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے اپنی حج درخواست، مطلوبہ کوائف اور دستاویزات مکمل کرنے کے ساتھ حج پیکیج کا انتخاب اور واجبات کی ادائیگی بھی کر سکتے ہیں اور اس اسکیم کے تحت اب تک 92 ہزار عازمین کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور 15 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے واجبات کی وصولی کے پہلے 5 روز کے دوران 58 ارب روپے موصول ہوئے ہیں اور مجموعی وصولیوں میں تقریباً 40 فیصد ادائیگیاں آن لائن ہونے کو حج ڈیجیٹل نظام کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حج واجبات کی بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل وصولی تاریخ میں پہلی مرتبہ عمل میں لائی گئی ہے، جس کا مقصد عازمین کو آسان، محفوظ اور شفاف سہولت فراہم کرنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے عمل میں وزارت مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں سے حج ڈیجیٹل نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے واجبات کی آن لائن وصولی بھی اتوار سے شروع کر دی گئی ہے، پرائیویٹ اسکیم کے عازمین بھی سرکاری عازمین کی طرح ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اپنے حج واجبات جمع کرائیں گے، پرائیویٹ حج اسکیم میں شامل عازمین کو پہلے پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کرنے اور اپنے کوائف درج کرنے ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ پرائیویٹ عازمین حج کے لیے بھی 16 نومبر 2027 تک کارآمد پاسپورٹ سمیت تمام مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا بھی لازمی ہوگا، رجسٹریشن اور کوائف کی تکمیل کے بعد عازمین اپنی پسند کی مجاز حج کمپنی اور مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب کر سکیں گے، جس کے بعد واجبات کی ادائیگی کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔

پرائیویٹ حج اسکیم کے واجبات ون لنک پی ایس آئی ڈی، بینک کارڈ یا بینک چالان کے ذریعے جمع کرائے جا سکیں گے، مینوئل چالان کے ذریعے واجبات حبیب بینک لمیٹڈ کی مجاز شاخ میں بھی جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، تعطیل کے باوجود پرائیویٹ حج اسکیم کے پہلے ہی روز تقریباً 15 ملین روپے کے واجبات آن لائن وصول ہوئے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے علاوہ کسی فرد، ایجنٹ یا ادارے کو حج واجبات ادا نہ کریں، حج پورٹل سے باہر کسی فرد یا ادارے کو کی جانے والی ادائیگی کی صورت میں ہونے والے کسی بھی مالی نقصان کی ذمہ داری متعلقہ عازم پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حج ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کا ریئل ٹائم ڈیٹا دستیاب ہوگا، جس سے حج آپریشن میں شفافیت مزید بہتر ہونے کے ساتھ مالی لین دین کو بھی محفوظ بنایا جا سکے گا، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو چند کلکس کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن، مجاز حج کمپنی اور پیکج کے انتخاب اور واجبات کی ادائیگی کی سہولت میسر آ گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری اور پرائیویٹ حج اسکیم کی مقررہ نشستیں مکمل ہوتے ہی بکنگ بند کرنے کا اعلان کر دیا جائے گا، اس لیے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن اور واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد از جلد مکمل کریں۔

Load Next Story