صدر سے سعودی سفیر کی الوداعی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کردار کی تعریف

سعودی سفیرنے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرم جوشی اور تعاون پر صدرمملکت، حکومت اور پاکستانی عوام کاشکریہ اداکیا

فوٹو: پی آئی ڈی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ، سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں کردار کو سراہا اور ملاقات میں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی اور صدر مملکت نے سعودی سفیر کی پاک-سعودی دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے استحکام کےلیے خدمات اور تعاون  کو سراہا اور کہا کہ سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کے لیے مملکت سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں اور سفیر نواف بن سعید المالکی کے دور میں قائم ہونے والی مضبوط بنیاد آنے والے برسوں میں بھی پاک-سعودی دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔

سعودی سفیر نے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرم جوشی اور تعاون پر صدر مملکت، حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے سعودی سفیر کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Load Next Story