جاپان میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس، 37 افراد زخمی
ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریب 5.9 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ٹرین سروس سمیت معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ اتوار کی رات 2 بجے جنوبی ایباراکی پریفیکچر میں آیا، جس کے شدید جھٹکے ٹوکیو اور اس کے گردونواح میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد جاپان کے وارننگ سسٹمز فعال ہوگئے اور متاثرہ علاقوں میں سائرن بجنے کے ساتھ شہریوں کے موبائل فونز پر بھی ہنگامی اطلاعات موصول ہوئیں۔
حکام کے مطابق زلزلے کی گہرائی 68 کلومیٹر تھی اور سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی۔
جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق زلزلے سے زخمی ہونے والے 37 افراد میں زیادہ تر کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ یوکوہاما میں 80 سال سے زائد عمر کی ایک خاتون زلزلے کے جھٹکوں کے دوران بستر سے اترتے ہوئے گر کر کولہے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئیں۔
زلزلے کے باعث ٹوکیو کے مختلف علاقوں میں علاقائی ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی جبکہ سائیتاما میں ایک عمارت کو معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ ٹوکیو کے ایک علاقے میں پانی کی پائپ لائن پھٹنے کی بھی اطلاع ملی ہے اور حکام اس کا زلزلے سے تعلق جانچ رہے ہیں۔
جاپانی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث متاثرہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حکام نے آئندہ چند دنوں کے دوران زلزلے کے آفٹر شاکس کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
رواں سال جاپان میں اس سے قبل 28 جولائی کو کیوشو کے علاقے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا۔