ایران پر مزید پابندیوں کا اثر؟ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً ایک فیصد کم ہوگئیں، سرمایہ کاروں نے ایران پر امریکا کی جانب سے مزید پابندیوں کے متوقع اعلان سے قبل منافع کمانے کے لیے تیل کے سودے فروخت کیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 94 سینٹ یا ایک فیصد کمی کے بعد 93.45 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 92 سینٹ یا تقریباً 1.06 فیصد کم ہوکر 86.14 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سرمایہ کار واشنگٹن کی جانب سے ایران کے خلاف مزید پابندیوں کے ممکنہ اعلان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران پر نئی امریکی پابندیوں سے عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال بڑھ سکتی ہے، تاہم موجودہ مرحلے میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے فروخت نے تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔