دورانِ پرواز آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ، فلائٹس سے متعلق نئی پابندیاں عائد

پاکستان میں بھی پاور بینکس اور لیتھیم بیٹریوں سے متعلق حفاظتی ضوابط پر سختی شروع کردی گئی ہے، ذرائع

دورانِ پرواز لیتھیم بیٹریوں سے آگ لگنے کے واقعات میں مسلسل اضافے کے بعد عالمی سطح پر فضائی حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں۔

ہوا بازی کی عالمی تنظیم اِکاو نے کمرشل پروازوں میں پاور بینکس اور لیتھیم بیٹریوں کے حوالے سے نئی پابندیاں متعارف کرائی ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت پاور بینک، اضافی لیتھیم بیٹریاں اور ای سگریٹس چیک اِن بیگ میں رکھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 100 واٹ آور تک کے پاور بینک کیبن میں لے جانے کی اجازت ہوگی، تاہم ان کی تعداد 2 تک محدود ہوگی۔ اسی طرح 100 سے 160 واٹ آور کی بیٹری طیارے میں لے جانے کے لیے ایئرلائن کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی، جبکہ 160 واٹ آور سے زائد کی بیٹری لے جانے پر پابندی ہوگی۔

اسی طرح دورانِ پرواز پاور بینک کے استعمال اور اسے چارج کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

متعدد ایئرلائنز نے دورانِ پرواز پاور بینک کے استعمال اور چارجنگ پر پابندی کا فیصلہ نافذ کردیا ہے۔ مسافروں کو خراب، پھولی ہوئی یا غیر معمولی حد تک گرم بیٹری طیارے میں لے جانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں بھی پاور بینکس اور لیتھیم بیٹریوں سے متعلق حفاظتی ضوابط پر سختی شروع کردی گئی ہے۔

Load Next Story