ایران جنگ کا ایک اور اثر، امریکا نے جنوبی کوریا کے ساتھ بڑی فوجی مشقیں منسوخ کردیں

ایران کے ساتھ جنگ کے باعث امریکی فوجی وسائل اور دستوں کی دستیابی پر دیگر خطوں میں بھی اثرات مرتب ہورہے ہیں

سیئول: ایران کے خلاف جاری جنگ کے باعث امریکی فوجی وسائل پر دباؤ بڑھنے کے نتیجے میں امریکا نے جنوبی کوریا کے ساتھ آئندہ ماہ ہونے والی مشترکہ بحری فوجی مشقیں منسوخ کردی ہیں۔

جنوبی کوریا کی میرین کور کے مطابق امریکا نے جون میں باضابطہ طور پر جنوبی کوریا کو آگاہ کیا تھا کہ ایران جنگ کے باعث امریکی فوجی دستوں کی دستیابی محدود ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ہونے والی مشترکہ مشق کا انعقاد ممکن نہیں رہے گا۔

یہ فوجی مشق سنگ یونگ کے نام سے جانی جاتی ہے اور اس میں امریکی اور جنوبی کوریا کی افواج مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر بحری اور زمینی کارروائیوں کی تربیت کرتی ہیں۔

جنوبی کوریا کی میرین کور کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ممالک مشقوں کی بحالی کے حوالے سے قریبی رابطے میں ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آئندہ ایسی صورت حال سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے یا منسوخ ہونے والی تربیتی مشقوں کی کمی کیسے پوری کی جائے گی۔

دوسری جانب امریکی افواج کوریا کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

امریکا اور جنوبی کوریا خطے میں دفاعی تعاون کے اہم اتحادی ہیں اور دونوں ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فوجی مشقیں کرتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں سنگ یونگ مشق کی منسوخی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے باعث امریکی فوجی وسائل اور دستوں کی دستیابی پر دیگر خطوں میں بھی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

Load Next Story