پاکستان کو ویمنز ایشیا کپ سے قبل دھچکا، نجیہہ علوی انجری کے باعث باہر
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر نجیہہ علوی گھٹنے کی انجری کے باعث ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے باہر ہوگئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نجیہہ نے بائیں گھٹنے کے پچھلے حصے میں درد کی شکایت کی تھی۔ اسکینز میں ممکنہ انجری کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے انہیں بحالی کے پروگرام پر ڈال دیا ہے۔ ان کی صحتیابی میں تقریباً چار ہفتے لگنے کا امکان ہے۔
نجیہہ علوی کی جگہ صدف شمس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
صدف شمس دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتی ہیں اور اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔
اگرچہ انہوں نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2024 میں کھیلا تھاتاہم رواں سال ون ڈے کرکٹ میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
وہ 9 اننگز میں 488 رنز بناچکی ہیں جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں ہوگا۔ پاکستان یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف مہم شروع کرے گا۔