کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی پاکستان اور بھارت کا میچ ہاؤس فل رہا، صدر ایف آئی ایچ

ہالینڈ اور بیلجیم میں جاری ہاکی ورلڈکپ کا کریز اس وقت عروج پر ہے جو بہت خوش آئند ہے، صدر ایف آئی ایچ

فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کو انٹرنیشنل ہاکی کے لیے بہت اہم قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق طیب اکرام کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی  پاکستان اور بھارت کا میچ ہاؤس فل رہا، ہالینڈ کے میچز کے بعد یہ دوسرا موقع تھا کہ جب ریکارڈ تعداد میں شائقین نے گراؤنڈ کا رخ کیا۔

صدر ایف آئی ایچ کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ ویور شپ سمیت ہر حوالے سے بہت زبردست رہا، روایتی ٹیموں کے درمیان میچز انٹرنیشنل اور ایشین سطح پر بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

ان کا موقف ہے کہ ہالینڈ اور بیلجیم میں جاری ہاکی ورلڈکپ کا کریز اس وقت عروج پر ہے جو بہت خوش آئند ہے۔ دونوں ممالک میں ہاکی کو ہر سطح پر بہت اہمیت دی جاتی ہے۔

پاکستان میں ہاکی لیگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طیب اکرام کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی لیگ ملک میں ہاکی کو ایک بارپھر زندہ کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ ہاکی لیگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ شو کرنے کا بہترین موقع مل سکتا ہے۔

طیب اکرام نے حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امیتاز کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر پاکستان کا بہت شکر گزار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمغہ امیتاز ایک موٹیویشن بھی ہے کہ ہاکی کی ترقی کے لیے مزید آگے بڑھ کر کام کرسکوں۔

Load Next Story