موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی
بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سی ڈبل اے ون(Caa1 )سے بڑھا کربی تھری( B3) کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سی ڈبل اے تھری سے بڑھا کر بی تھری کر دی ہے، جبکہ پاکستان کی ریٹنگ کا آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا ہے۔
پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملکی معیشت اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر بڑھتے اعتماد کی عکاس ہے۔ بی تھری ریٹنگ پاکستان کی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام کی جانب ایک اور اہم پیش رفت ہے جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے یہ اپ گریڈ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی اور مالیاتی پوزیشن کا اعتراف ہے۔
بہتر کریڈٹ ریٹنگ سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، موڈیز کا تازہ فیصلہ پاکستان کے معاشی استحکام کے سفر میں ایک اہم مثبت پیش رفت ہے۔
وزیراعظم کی قوم کو مبارک باد
وزیراعظم شہبازشریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ B3 کرنے پر بہتری کا خیرمقدم کیا اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں سی اے اے 1سے B3 کی بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اس امر کے لیے نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خزانہ، متعلقہ وزراء اورحکام کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے، معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے مسلسل محنت اور اصلاحات سے عالمی اداروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے اصلاحات کا تسلسل جاری ہے، ہماری منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔