افغانستان کا بھارت کیخلاف ٹی20 سیریز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان
افغانستان نے بھارت کے خلاف 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی ہوم سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں فاسٹ بولر نوین الحق کی انجری کے بعد واپسی ہوئی ہے۔
ابراہیم زدران کو پہلی مرتبہ مکمل اخیتارات کیساتھ ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔ افغانستان اور بھارت کے درمیان تین ٹی20 میچز 13 سے 17 ستمبر تک نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔
نوین الحق دائیں کندھے میں اسٹریس فریکچر کے باعث آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ انجری سے صحت یابی کے بعد انہیں دوبارہ قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے ان کیپڈ بیٹر نور رحمان کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا اور وہ بطور متبادل وکٹ کیپر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
بھارت کے خلاف افغانستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں ابراہیم زدران (کپتان)، رحمان اللہ گرباز (وکٹ کیپر)، نور رحمان (وکٹ کیپر)، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، محمد نبی، راشد خان، ننگیال خروٹی، نور احمد، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، عبداللہ احمدزئی اور نوین الحق شامل ہیں۔