پی ٹی وی کی سینیئر اداکارہ نے شادی کرلی
حمیرا بانو ڈراموں میں ماں کے کردار کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں
پی ٹی وی کا ایک بڑا نام اور معروف سینئر اداکارہ حمیرا بانو ممکنہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں جس کا انھوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر مبہم انداز میں عندیہ دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ حمیرا بانو نے اس بات کا اعلان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور اپنے شوہر کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کیں۔
تاہم ان تصاویر میں اداکارہ نے اپنے شوہر کا چہرہ نمایاں نہیں کیا البتہ اپنی نئی زندگی کے آغاز پر ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔
اداکارہ حمیرا نے لکھا کہ کبھی انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی منصوبہ بندی کچھ اور ہوتی ہے اور جب رب ’’کُن‘‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔
حمیرا بانو کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔
اداکارہ مایا خان، سباحت بخاری، منسا ملک، عرفان موری والا سمیت متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر پر ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کے لیے نئی زندگی میں خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں۔
حمیرا بانو پاکستانی ٹیلی ویژن کی تجربہ کار اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور مختلف مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
انھیں بالخصوص ماں اور خاندان کی بڑی خاتون کے کرداروں میں پسند کیا جاتا ہے۔ نمایاں ڈراموں میں امید، مہرپوش، میرا رب وارث، ملالِ یار، ڈولی ڈارلنگ، میرے اپنے، بے نام، بنو، دیوانگی اور محروم شامل ہیں۔
حمیرا بانو کی ٹیلی ویژن مصروفیات بھی جاری ہیں۔ ان کی حالیہ اسکرین موجودگی نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے جبکہ وہ آئندہ بھی نئے ڈرامہ پروجیکٹس میں نظر آئیں گی۔
حمیرا بانو نے اپنی نجی زندگی عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھی ہے اسی لیے ان کی شادی کی اچانک خبر نے مداحوں کو خاصا حیران بھی کیا اور خوش بھی۔