51 سال کی عمر میں بھی شلپا شیٹی کی فٹنس کا راز کیا ہے؟ اداکارہ نے خود بتادیا
شلپا سیٹی اپنے فٹنس، متوازن غذا اور یوگا کے باعث بھی شہرت رکھتی ہیں
ڈھلتی عمر کے باوجود نکھرتے حسن و جوانی کی مالک بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے مداحوں کو کچھ راز کی باتیں بتائی ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شلپا شیٹی نے بتایا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی خوراک اور صحت کے بارے میں سوچ بھی تبدیل ہوئی ہے۔
شلپا شیٹی نے بتایا کہ ماضی میں وہ کیلوریز اور اس بات پر زیادہ توجہ دیتی تھیں کہ کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں لیکن اب ان کی سوچ تبدیل ہوچکی ہے۔
ان کے بقول اب ان کی خوراک کا مقصد خود کو محدود کرنا نہیں بلکہ اپنے جسم کی ضروریات کو سمجھنا اور اسے مناسب غذائیت فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے متوازن غذا سے متعلق انکشاف کیا کہ فٹنس کے سفر کے ابتدائی دور ہی میں پروٹین کی اہمیت کو سمجھ لیا تھا کیونکہ صرف ورزش کرنا کافی نہیں ہے۔
اداکارہ نے پروٹین کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پروٹین ان کی خوراک کا اہم حصہ ضرور ہے تاہم متوازن غذا کے لیے کیلشیم، وٹامن ڈی، اچھی چکنائیاں، کاربوہائیڈریٹس، مائیکرونیوٹرینٹس اور مناسب پانی بھی ضروری ہیں۔
شلپا شیٹی کا مزید کہنا تھا کہ متوازن غذا کے ساتھ طاقت بڑھانے والی ورزش، کارڈیو ایکسرسائز، جسم کی لچک، حرکت اور مناسب ریکوری بھی مجموعی فٹنس کا حصہ ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ گھر میں کسی ایک مخصوص ڈائٹ کو سب پر مسلط کرنے کے بجائے خاندان کو متوازن اور صحت مند کھانے کی عادت ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں۔
تاہم وہ بچوں کو پیزا یا میٹھا کھانے پر احساسِ جرم میں مبتلا نہیں کرنا چاہتیں۔ بچوں کا کھانے کے ساتھ ایسا صحت مند تعلق ہونا چاہیے جس میں وہ بعض غذاؤں سے خوفزدہ نہ ہوں۔
شلپا شیٹی نے اپنی فٹنس کا سب سے مشکل پہلو بتاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کسی ایک مشکل ورزش کا نہیں بلکہ مسلسل ورزش کرتے رہنا اصل چیلنج ہے۔
ان کے بقول ان دنوں ورزش کے لیے خود کو تیار کرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے جب انسان کا دل نہ چاہ رہا ہو لیکن باقاعدگی ہی فٹنس کے سفر میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ یوگا، اسٹرینتھ ٹریننگ اور مختلف مشکل حرکات آزمانا پسند کرتی ہیں تاہم اب وہ اپنے جسم کی حدود کا پہلے سے زیادہ خیال رکھتی ہیں۔
جب شلپا شیٹی سے پوچھا گیا کہ اگر انھیں 24 گھنٹے مکمل طور پر اپنی مرضی سے گزارنے کا موقع ملے تو وہ کیا کریں گی جس پر اداکارہ نے بہت دلچسپ جواب دیا۔
انھوں نے کہا کہ وہ زیادہ دیر تنہا نہیں رہ سکتیں کیونکہ انھیں لوگوں کے ساتھ رہنا پسند ہے اس لیے 24 گھنٹے تنہائی شاید 12 گھنٹے سکون اور باقی کے 12 گھنٹے ’سب کہاں ہیں؟‘ پوچھنے میں گزر جائیں گے۔
تاہم اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان 24 گھنٹوں میں وہ دیر تک سونا، طویل یوگا یا ورزش کرنا، اطمینان سے ناشتہ کرنا اور کچھ وقت بالکل کچھ نہ کرتے ہوئے گزارنا پسند کریں گی۔
اس کے علاوہ وہ ان 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں مزید سفر کرنا، مساج کروانا اور اچھی اچھی فلمیں دیکھنا بھی چاہیں گی۔
واضح رہے کہ شلپا شیٹی سوشل میڈیا یوگا، جم اور خوراک سے متعلق آگاہی فراہم کرتی رہتی ہیں جس سے استفادہ کرتے ہوئے کئی سوشل میڈیا صارفین اور ان کے مداحوں نے اپنی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا ہے۔