کراچی، فائرنگ کے واقعات میں نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جس میں ایک نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے کریمی چورنگی کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں اس کی شناخت 25 سلہ شعیب کے نام سے کی گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ نوجوان کو گولی ٹانگ پر لگی تھی۔

نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، حیدری مارکیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ مضروب کی شناخت 30 سالہ یاسر ظہور کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا ہے۔

جبکہ اختر کالونی کے علاقے کشمیر کالونی گلی نمبر 7 کے قریب فائرنگ سے 12 سالہ زین زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔

Load Next Story