حکومت یا اتھارٹی پر تنقید کرنیوالے ایوی ایشن ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی نے ملازمین، یونین ارکان اور عہدیداروں کی وفاقی حکومت یا اتھارٹی پر تنقید کی صورت میں کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے جاری حکمنامے کے مطابق سوشل میڈیا اور دیگر عوامی پلیٹ فارمز پر تنقید اتھارٹی کے سروس ریگولیشنز کے تحت بدانتظامی کے مترادف ہوگی۔
حکمنامے میں ملازمین کو کسی بھی بیان، الزام، تبصرے، پوسٹ، آڈیو یا ویڈیو پیغام سمیت دیگر مواد کو شائع، شیئر، توثیق یا پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح وفاقی حکومت یا اتھارٹی کے کسی بھی اقدام پر تنقید بھی قابل گرفت قرار دی گئی ہے۔
جاری ہدایات کے مطابق وفاقی حکومت، اتھارٹی یا کسی سرکاری اور پبلک سیکٹر ادارے کے پبلک آفس ہولڈرز کے خلاف توہین آمیز یا دیگر غیر مجاز بیانات پھیلانے سے بھی گریز کرنا ہوگا۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی حکومتی پالیسی یا فیصلے، عوامی کارروائی یا حکومتی فیصلے پر تنقید کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ ملازمین کو ایسے کسی بھی مواد کو شائع کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکمنامے کے مطابق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین، یونین ممبران یا عہدیداروں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ جاری کردہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔