کراچی: سہراب گوٹھ میں کار پر فائرنگ سے تاجر جاں بحق
سہراب گوٹھ کے علاقے میں کار پر فائرنگ سے تاجر جاں بحق ہوگیا۔
مقتول کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ سہراب گوٹھ گل بیگ کے مطابق مقتول کی شناخت 48 سالہ تاجر عمران گوگن ولد محمد غلام کے نام سے کی گئی۔ مقتول کو اپنی سفید رنگ کی گاڑی میں سوار تھا جبکہ مسلح ملزمان نے ایک گولی چلائی جو شیشہ توڑتی ہوئی عمران گوگن کی گردن میں لگی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ ایوب گوٹھ میں سادات دستر خوان کے قریب پیش آیا۔
مقتول کو سہراب گوٹھ سے ایوب گوٹھ کے راستے نیو کراچی جاتے ہوئے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، مقتول سے کسی قسم کی لوٹ مار نہیں کی گئی اور نہ ہی لوٹ مار کے شواہد ملے ہیں۔ پولیس نے واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
عباسی شہید اسپتال میں مقتول کے دوست اور معروف سماجی رہنما صارم برنی نے بتایا کہ عمران گوگن ان کا دوست تھا اور رنگ بنانے کی فیکٹری کا مالک تھا۔ ان کے مطابق مقتول فرشتہ صفت انسان تھا اور کسی سے اس کی دشمنی نہیں تھی۔ عمران گوگن نے دو شادیاں کی تھیں، پہلی اہلیہ سے دو جبکہ دوسری اہلیہ سے بھی دو بچے ہیں۔
صارم برنی کے مطابق مقتول کی ایک رہائش پی آئی بی کالونی جبکہ دوسری بہادرآباد میں تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی اطلاعات ملیں کہ واقعے کے وقت عمران کسی کام کے سلسلے میں سامان لینے جا رہا تھا کہ اس کی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی۔ فائرنگ سے عمران جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان مقتول سے کوئی چیز چھین کر نہیں لے گئے۔
صارم برنی اور مقتول کے عزیز و اقارب نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عمران گوگن کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مقتول کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کیا جائے تاہم پولیس کے مطابق مقتول کا کسی نجی نیوز ویب سائٹ سے تعلق ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔