پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی، نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا

پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق دو روز کے لیے ہوگا

فوٹو: فائل

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور وزارت توانائی کی جانب سے دو روز کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 371 روپے 80 پیسے تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ روز فی لیٹر قیمت 370 روپے 69 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپے 12 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت گزشتہ روز کے 341 روپے 98 پیسے سے بڑھ کر 343 روپے 10 پیسے ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 26 اور 27 اگست 2026 کے لیے ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر2 روپے 40 پیسے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 39 پیسے کا اضافہ کردیا تھا۔

 

متعلقہ

Load Next Story