صنف تبدیل کرنے والی انایا بنگر کو خواتین کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

مارچ 2027 سے ایلیٹ کرکٹ میں ان کی شرکت مخصوص شرائط پوری کرنے سے مشروط ہوگی

سابق ممبئی انڈر 19 کرکٹر انایا بنگر کے دوبارہ مسابقتی خواتین کی کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے 25 سالہ انایا کو ملک میں کمیونٹی سطح کی خواتین کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد وہ مختلف ریاستوں اور علاقوں کی پریمیئر کرکٹ میں فوری طور پر حصہ لے سکتی ہیں۔

انایا نے 2022 میں اپنی صنفی تبدیلی کا عمل شروع کیا تھا اور بعد ازاں متعلقہ سرجری بھی کرائی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک وقت میں انہیں خدشہ تھا کہ ان کا کرکٹ کیریئر ختم ہوچکا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا کی جامع پالیسی نے انہیں دوبارہ میدان میں اترنے کا موقع دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مارچ 2027 سے ایلیٹ کرکٹ میں ان کی شرکت مخصوص شرائط پوری کرنے سے مشروط ہوگی۔

انہیں آسٹریلیا پہنچنے پر خون کا ٹیسٹ کرانا ہوگا جس میں سیرم ٹیسٹوسٹیرون کی سطح 10 نانومول فی لیٹر سے کم ثابت ہونا ضروری ہے۔

اگر وہ تمام اہلیت کے معیار پر پورا اترتی ہیں تو ویمنز بگ بیش لیگ میں کھیلنے کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ کے پاس ٹرانس جینڈر خواتین کی خواتین کی کرکٹ میں شرکت سے متعلق فی الحال کوئی مخصوص پالیسی موجود نہیں ہے۔

Load Next Story